وزیراعظم کے دورہ امریکا کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا، دفتر خارجہ

01:22 PM, 10 Jul, 2019

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ واشنگٹن سے امریکی حکام کے اظہار لاعلمی پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم امریکی حکام سے رابطے میں ہیں اور اس کا مناسب وقت پر باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ ہم امریکی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں اور مروجہ طریقہ کار کے مطابق اس ضمن میں باضابطہ اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے رواں ماہ امریکا کا دورہ کرنا تھا اور 22 جولائی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنا تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے میڈیا بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق بھی کر دی تھی۔ تاہم اب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں عمران خان کے دورے کی کوئی اطلاع نہیں۔

مزیدخبریں