ریاض: سعودی عرب میں حج اور عمرے کی وزارت نے اندرون ملک تمام حج آپریٹرز کو پابند کیا ہے کہ وہ رواں سال فی حاجی 400 ریال گارنٹی مَنی پیش کریں۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق اس رقم کی ادائیگی کو رواں سال یکم ذوالقعدہ کو حج سیزن میں حجاج کی الیکٹرونک رجسٹریشن کے آغاز سے قبل یقینی بنانا ہوگا۔اندرون ملک حجاج کے نظام کے قواعد و ضوابط کے مطابق 400 ریال کی رقم رواں برس بینک گارنٹی کا 30فیصد ہے جب کہ بقیہ ادائیگی رقم حجاج کے لیے آپریٹروں کو مختص کیے جانے کے بعد وصول کی جائے گی۔اس حوالے سے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ مذکورہ گارنٹی وزارت حج کی جانب سے منظور شدہ کسی مقامی بینک کی جانب سے جاری کی گئی ہو اور اس کی مدت ایک سال سے کم نہ ہو۔
اس سلسلے میں زور دیا گیا ہے کہ ٹور آپریٹرز اور حجاج کو خدمات پیش کرنے والی کمپنیاں عازمین حج اور ادارے کے درمیان طے شدہ مناسب نرخوں پر ہی اپنی خدمات (ٹرانسپورٹ ، رہائش ، دیکھ بھال اور طعام وغیرہ) فراہم کریں۔قواعد و ضوابط کی فہرست میں تین وزارتوں داخلہ ، حج اور تجارت کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینا بھی شامل ہے جو اندرون ملک کے عازمین حج کی شکایات یا خلاف ورزیوں کا جائزہ لے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔