کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی کامیابی یہ ہے کہ مہنگائی کو 38 فیصد سے کم کر کے 4 فیصد تک لایا گیا ہے، اور مستقبل میں اشیاء کی قیمتوں میں استحکام متوقع ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما مظفر شجرہ کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے حکومت نے سخت محنت کی ہے، اور یہ محنت اب نتیجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت والے ملک کی چابیاں ایسے شخص کے حوالے کی گئیں جس نے کبھی یونین کونسل بھی نہیں چلائی۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ بدانتظامی اور نااہلی کے باعث ملک شدید معاشی بحران کا شکار تھا، مگر دو سال کی محنت کے بعد پاکستان کی معاشی بحالی کے حوالے سے عالمی سطح پر بات ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح اب 1.9 فیصد تک کم ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جس وقت حکومت کو ہم سے چھین لیا گیا، اسی وقت سے ہم نے ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالنے کی کوششیں شروع کیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے 30 فیصد زیادہ ترسیلات نے معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور ہنر فراہم کرنے کی ضرورت ہے، اور برآمد کنندگان کے لیے تمام رکاوٹیں ختم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر معاشی مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں امن و سکون ہو تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ وہی کام کر رہی ہے جو کبھی "را" کو بھی کرنے کی جرات نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی بین الاقوامی ٹیم عالمی سطح پر فلسطین کے مسئلے سے توجہ ہٹانے کے لیے سرگرم ہے اور پاکستان مخالف لابیز کے مفادات کو آگے بڑھا رہی ہے۔
احسن اقبال نے 2018 کی سازش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سازش کے نتیجے میں ملک کی سیاسی بنیادیں ہل گئیں اور اب وہ کردار تاریخ کے سامنے آچکے ہیں، جنہوں نے اس سازش کا حصہ بن کر ملک کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کرداروں کو عوام کے سامنے جواب دینا پڑے گا۔