راولپنڈی :ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کو خفیہ اطلاعات ملنے پر فوری کارروائی کی گئی، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر حملہ کیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے سرغنہ شفیع اللہ عرف شفیع سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آپریشن کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا تاکہ باقی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے اور عوام کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔