کولمبو:پاکستان کے معروف سنوکر کھلاڑی محمد آصف نے کولمبو میں ہونے والی سارک سنوکر چیمپئن شپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
محمد آصف نے فائنل میں سری لنکن حریف کو 5-0 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے تمام فریمز میں کامیابی حاصل کی اور ایک بھی فریم نہیں گنوایا، جو ان کی غیر معمولی کارکردگی کی غمازی کرتا ہے۔
یہ کامیابی محمد آصف کے سنوکر کی دنیا میں ایک اور نمایاں قدم کی نشاندہی کرتی ہے، کیونکہ نومبر 2024 میں انہوں نے تیسری بار ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل بھی جیتا تھا۔ فائنل میں انہوں نے ایرانی حریف علی گھراہگوزلو کو 5-3 سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل، قطر میں ہونے والے ایونٹ کے سیمی فائنل میں انہوں نے قبرص کے مائیکل جارجیو کو 5-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ کوارٹر فائنل میں انہوں نے یو اے ای کے محمد شہاب کو 4-1 سے شکست دی تھی۔
محمد آصف اس سے قبل 2012 اور 2019 میں بھی ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت چکے ہیں، اور اب انہوں نے تیسری بار یہ کامیابی اپنے نام کی ہے۔