پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن، وزیراعظم نے ترسیلات زر میں اضافے کو خوش آئند قرار دیا

05:27 PM, 10 Jan, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر تک 3.1 بلین ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئیں، جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 29.3 فیصد زیادہ ہیں۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھائیوں اور بہنوں نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ یہ ریکارڈ اضافہ ان کے آہنی عزم کی واضح مثال ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اب معاشی استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، اور حکومت ملک کی ترقی و عوامی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر میں اضافہ معیشت کے استحکام کی علامت ہے اور ان دعوؤں کو غلط ثابت کرتا ہے جو معیشت کی ناکامی کی پیش گوئی کر رہے تھے۔
 

مزیدخبریں