پی آئی اے کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال، پہلی براہ راست پرواز اسلام آباد سے پیرس روانہ

پی آئی اے کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال، پہلی براہ راست پرواز اسلام آباد سے پیرس روانہ

اسلام آباد : پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) نے ساڑھے 4 سال بعد یورپ کے لیے اپنی فلائٹ آپریشنز دوبارہ بحال کر دیے ہیں۔ پہلی براہ راست پرواز پی کے 749 اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگئی، جس میں 323 مسافر سوار ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے مسافروں کو الوداع کیا۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر ہوا بازی خواجہ آصف، سیکرٹری ایوی ایشن، ڈی جی سی اے اے، اور پی آئی اے کے سی ای او عامر حیات سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ وزیر ہوابازی نے اس موقع پر فرانس کے سفارتخانے کے عملے کے ہمراہ افتتاحی فیتہ کاٹا۔

خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب پی آئی اے دنیا کی لیڈنگ ایئرلائن تھی، لیکن بدقسمتی سے گزشتہ کچھ سالوں میں ملک کو براہ راست پروازوں سے محروم ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک غلط فیصلے کے نتیجے میں اوورسیز پاکستانیوں کو اضافی اخراجات برداشت کرنے پڑے تھے۔

وزیر ہوا بازی نے مزید کہا کہ آج کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اب پیرس کے لیے براہ راست پروازیں شروع ہو چکی ہیں اور مستقبل میں برطانیہ اور امریکہ کے لیے بھی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔ پی آئی اے اپنی کھوئی ہوئی پوزیشن دوبارہ حاصل کرے گی۔

ذرائع کے مطابق، پہلی براہ راست پرواز کی تمام نشستیں فروخت ہوچکی ہیں اور آئندہ ہفتے کی پروازوں کی سیٹیں بھی مکمل طور پر بک چکی ہیں۔ یاد رہے کہ 2020 میں پائلٹس کے لائسنس کے تنازعہ کے باعث یورپی ممالک نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

مصنف کے بارے میں