اسلام آباد : سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، چین اور دیگر ممالک سے 258 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا ہے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق، سعودی عرب اور یو اے ای سے 232 پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا، جن میں 7 بھکاری بھی شامل ہیں۔
چین، قطر، انڈونیشیا، قبرص اور نائیجیریا سے بھی پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ ہونے والے ایک پاکستانی کی شہریت مشکوک ہے، اور کراچی پہنچنے پر 16 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
ڈی پورٹ ہونے والوں میں 2 افراد کو بغیر پرمٹ حج پر جانے کی وجہ سے سزا دی گئی، جبکہ 4 پاکستانیوں کو زائد المیعاد قیام پر سزا دے کر وطن واپس بھیجا گیا۔ 27 پاکستانیوں کو کفیل کے بغیر کام کرتے ہوئے پکڑا گیا، اور سعودی عرب میں 16 افراد ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد قیام پذیر تھے۔ مزید 112 پاکستانیوں کو کفیلوں کی شکایت پر گرفتار کر کے واپس بھیجا گیا۔
یو اے ای سے ڈی پورٹ ہونے والے 21 پاکستانیوں میں 4 افراد منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق، یو اے ای اور نائیجیریا سے ڈی پورٹ ہونے والے 16 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ یہ اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے، جب سعودی عرب اور یو اے ای سمیت دیگر ممالک سے پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔ گزشتہ دنوں بھی 63 پاکستانیوں کو سعودی عرب اور یو اے ای سمیت 4 ممالک سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔