بیروت : لبنان کے آرمی چیف جنرل جوزف عون ملک کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ پارلیمنٹ کے اجلاس میں 128 ارکان میں سے 99 ارکان نے ان کے حق میں ووٹ دیا۔جنرل جوزف عون پہلی ووٹنگ میں دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے، تاہم آخرکار وہ لبنان کے صدر بن گئے۔
واضح رہے کہ سابق صدر میشیل عون کی صدارت کی مدت اکتوبر 2022 میں ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔ حزب اللہ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار سلیمان فرنجيہ نے گزشتہ روز جوزف عون کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔
60 سالہ جنرل جوزف عون نے مارچ 2017 میں لبنانی فوج کی کمان سنبھالی تھی۔ صدر منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ لبنان کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے اور شام کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا تاریخی موقع موجود ہے۔
جنرل عون نے اسرائیلی حملوں سے متاثرہ جنوبی لبنان اور بیروت کے مضافات میں تباہ شدہ علاقوں کی تعمیر نو کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لبنان میں ہتھیار رکھنے کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہو۔