ویٹیکن: اسرائیل کے غزہ میں حملوں کی شدت کے دوران، کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے ایک بار پھر اسرائیل پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے غزہ کی انسانی صورتحال کو سنگین اور شرمناک قرار دیتے ہوئے جنگ بندی، امدادی سامان کی رسائی اور یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
ویٹیکن سٹی میں سفارت کاروں سے اپنے سالانہ خطاب میں پوپ فرانسس نے شہریوں پر بمباری کو کسی صورت قابل قبول نہیں قرار دیا اور کہا کہ شدید سردی میں بچوں کی اموات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اسپتالوں اور توانائی کے نظام کی تباہی کو بھی انسانیت کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ یہ لوگوں کو موت کے منہ میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ پوپ فرانسس نے مزید کہا کہ جنگ ہمیشہ ایک ناکامی ہوتی ہے اور اس میں شیطان کی فتح ہوتی ہے، جس سے انسانیت کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔