اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو وائرلیس راؤٹرز کے حوالے سے ایک اہم مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں وائی فائی نیٹ ورک کے ذریعے حساس معلومات چوری ہونے کے خطرات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وائرلیس راؤٹرز کم سے کم محفوظ ڈیوائسز ہیں اور ان کے ذریعے نیٹ ورک ٹریفک میں باآسانی مداخلت کی جا سکتی ہے۔ راؤٹرز کی اپڈیٹس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک کو غیر محفوظ طرف موڑا جا سکتا ہے، جس سے حساس معلومات کی چوری کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
کابینہ ڈویژن نے صارفین کو وائی فائی کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے چند اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان تدابیر میں وائی فائی پاسورڈ کو پیچیدہ رکھنے، وائی فائی کا نام اور آئی ڈی کو خفیہ رکھنے، اور گیسٹ نیٹ ورک کو بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ غیر مجاز افراد تک رسائی کو روکا جا سکے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ وائی فائی نیٹ ورک کے ذریعے ڈائریکٹریز اور فائلز کو باآسانی شیئر کیا جا سکتا ہے، جس سے حساس معلومات کا چوری ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے یہ اقدام وفاقی حکومت اور دیگر اداروں کے لیے وائرلیس نیٹ ورک کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔