لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں، موٹر وے اور ایئرپورٹ پر مشکلات کاسامنا

09:43 AM, 10 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث موٹر ویز متعدد مقامات پر بند ہو گئی ہیں اور لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔

موٹر وے پولیس کے مطابق، شدید دھند کے باعث ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک اور ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک بند کر دی گئی ہیں۔ ٹریفک کا داخلہ ان تمام راستوں پر ممنوع کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

دھند کی شدت کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں قومی شاہراہوں پر حد نگاہ کم ہونے سے ڈرائیورز کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند میں لین ڈسپلن کی پیروی کریں اور سفر کے لئے دن کے اوقات کو ترجیح دیں۔

دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر بھی دھند کی وجہ سے متعدد پروازیں متاثر ہوئیں اور بعض پروازوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا۔ قطر ایئرلائن کی پرواز بھی لاہور نہ پہنچ سکی، جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شدید دھند کا یہ سلسلہ مزید چند دن جاری رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں