لاہور: نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پہلی کلاس تک بچوں کیلئے ایک ہفتے کی چھٹی دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال میں ہنگامی اجلاس میں نمونیہ سے36 بچوں کی ہلاکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب بھر میں پہلی کلاس تک کے بچوں کیلئےسکول کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے رواں ماہ بچوں کے امتحانات ملتوی کرنےکافیصلہ بھی کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس میں حکم جاری کیا کہ صبح کے وقت بچوں کی اسمبلی کو ختم کیا جائے، جس بچے کو نمونیہ ہے اسے سکول آنے سے روکا جائے۔
اجلاس میں بچوں ،بڑی عمر کےافراد کی نمونیہ سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کرنے کا حکم دیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہر 10میں سے 8بچے نمونیہ کا شکار ہیں ،چھ ماہ سےکم عمر بچوں میں اموات کی تعداد زیادہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سوشل ،قومی میڈیا پر فوری نمونیہ سے بچاؤ کی مہم چلائی جائے، بچوں ،بڑوں کو گرم کپڑے ،غذائیت سے بھرپور خوراک استعمال کرنی چاہیے۔