نئی دہلی: بھارت کے مشہور موسیقار استاد راشد خان انتقال کرگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق استاد راشد خان طویل عرصے سے پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا تھے اور پنے آخری لمحات میں وینٹی لیٹر پر تھے۔ وہ کلکتہ کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔
بھارتی میڈیا و فنکار برادری کا کہنا ہے کہ معروف موسیقار کے انتقال سے موسیقی کی دنیا کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔
استاد راشد خان نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم استاد نثار حسین خان سے حاصل کی تھی۔ وہ استاد غلام مصطفیٰ خان کے بھتیجے تھے جنہوں نے موسیقی میں ان کی صلاحیتوں کو پہچانا تھا اور ممبئی میں انہیں اس کی تعلیم دی تھی۔
استاد راشد خان نے اپنا پہلا کنسرٹ 7 سال کی عمر میں کیا تھا۔انہوں نے 1978 میں دہلی میں منعقدہ آئی ٹی سی کنسرٹ میں شرکت کی تھی۔
14 سال کی عمر میں 1980 میں جب ان کے گرو نثار حسین خان کولکتہ میں آئی ٹی سی سنگیت ریسرچ اکیڈمی سے وابستہ ہوئے تو انہیں بھی اس کا حصہ بننے کا شرف حاصل ہوا۔