سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرہ و حج پر آنے والے زائرین کے لیے نئی سہولتیں متعارف کرانے کا بیان جاری کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق جدہ میں حج و عمرہ کانفرنس و نمائش کی تققریب کے دوران انہوں نے کہا کہ بعض زائرین مکہ یا مدینہ میں نکاح پڑھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ خدمات فراہم کرنے والے ادارے انہیں یہ سہولت فراہم کر سکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ نجی فوٹو گرافرکا بندوبست کیا جاسکتا ہے۔
سعودی وزیر حج نے زائرین کو سہولتوں کی فراہمی میں انفرادیت کی حوصلہ افزائی کے لیے تین کیٹیگریز کےسساتھ ' نسک اعمال' ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے اچھے منصوبے پر دس لاکھ ریال، دوسرے بہترین منصوبے پر پانچ لاکھ اور تیسرے منصوبے پر ڈھائی لاکھ ریال کا انعام ہوگا۔ نتائج کا اعلان آئندہ حج کانفرنس میں ہو گا۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ زائرین کے سفر کو یادگار بنانے کے لیے سرمایہ کار مختلف حوالوں سے منفرد سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ٹورسٹ گائیڈز، طبی سہولتیں، موبائل فارمیسیاں، بچوں کی نرسریاں، رہائش سے حرم تک ویل چیئر کی سہولت دی جاسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضیوف الرحمن پروگرام کے نمایاں ترین اہداف میں سے یہ ہے کہ حج و عمرے پر آنے والوں کے سفر زیارت کو یادگار بنایا جائے۔ ضیوف الرحمن پروگرام سعودی وژن 2030 کے پروگراموں میں سے ایک ہے۔