اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور دیگر اعلیٰ افسران نے کیک کاٹا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سالگرہ کی تقریب میں ائیربس کمپنی کے ریجنل ڈائریکٹر اور نمائندوں نے بھی شرکت کی جبکہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور دیگر اعلیٰ افسران نے کیک کاٹا۔ اس موقع پر پی آئی اے اور ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
پی آئی اے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ 10 جنوری 1955 کو پارلیمانی ایکٹ کے ذریعے قومی لائنز پی آئی اے کے قیام کی بنیاد رکھی گئی تھی جبکہ اورینٹ ائیرویز اثاثہ جات پر مشتمل قومی ائیر لائن کا قیام دو حصوں پر بٹے ملک کی وحدانیت کیلئے اہم تھا۔ 60، 70 اور 80 کی دہائیوں میں پی آئی اے نے اقوام عالم کی صف اول کی ائیرلائن کی حیثیت سے اپنا نام بنایا۔
ترجمان نے کہا کہ ابتدائی طور پر پی آئی اے ملک کے دو دھڑوں کے درمیان نقل و حمل کا واحد ذریعہ تھا جس کے بعد بین الاقوامی آپریشن کا آغاز ہوتے ہی پی آئی اے مشرق بعید، جنوب مشرقی ایشیا سے یورپ، برطانیہ اور امریکہ کیلئے تیز تر ترجیحی ائیرلائن بن گئی۔
پی آئی اے کی 67 ویں سالگرہ پر سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد
09:05 PM, 10 Jan, 2023