اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءطارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سوشل میڈیا پر عدلیہ کے خلاف مذموم مہم چلائی اور عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق طارق فضل چوہدری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو ہونا تھے لیکن 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیا تھا جس کے بعد 30 دسمبر کی شام کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا کہ 31 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخاب کرایا جائے مگر انتظامی بنیادوں پر انتخابات کرانا ممکن نہیں تھا اور وقت کی کمی کے باعث 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءطارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں یونین کونسل کی تعدادمیں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل زیر سماعت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر عدلیہ کے خلاف مذموم مہم چلائی اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلاتی رہی، پی ٹی آئی نے عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی، پی ٹی آئی عدالتی کارروائی کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے اور عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے لینا چاہتی ہے، کوئی بھی ادارہ پی ٹی آئی کے مذموم ہتھکنڈوں سے محفوظ نہیں، تحریک انصاف نے اخلاقی قدروں کو پامال کیا۔