اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے سٹینڈ فارما کا انجکشن پیرا سٹ ( پیراسیٹامول ) غیر معیاری قرار دیتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈریپ نے کمپنی کو پیراسٹ انجکشن فوری طور پر مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کرنے کے علاوہ پیرا سٹ 1 گرام اور 100 ایم ایل کا بیچ نمبر CJ170 استعمال کرنے والوں کو بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈریپ کی جانب سے جاری کئے گئے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پیراسٹ انجکشن بیچ نمبر CJ170 استعمال کرنے والے فوری اپنے معالج سے رابطہ کریں، مذکورہ انجکشن میں کالے رنگ کے ذرات انسانی آنکھ سے با آسانی دیکھے جا سکتے ہیں۔
ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ سپلائیرز کو اس ضمن میں سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ میڈیکل سٹورز سے فوری اس انجکشن کو اکٹھا کر کے متعلقہ کمپنی کو واپس دیں۔