نئی انتظامیہ کو ورلڈ کپ کیلئے بھارت جانے کا سوچنا چاہیے، پیسے کی وجہ سے آئی سی سی انڈیا سے دب جاتی ہے: رمیز راجہ 

02:22 PM, 10 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور (ارسلان جٹ) سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ نئی منیجمنٹ کو بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جانے کے لیے سوچنا چاہیے ۔ پیسے کی وجہ سے آئی سی سی بھارت سے دب جاتی ہے۔ پچز بہت بری ہیں یہی میرا فیلیئر ہے۔ تین چار سنٹرز کی پچز بالکل ڈیڈ ہوچکی ہیں۔ دوبارہ چیئرمین بنا تو جونیئر لیگ پھر کراؤں گا۔ نئی مینجمنٹ نےڈھیر سو سے زائد کرکٹرز اور کوچز فارغ کردئیے۔ 

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں رمیز راجہ کے اعزاز میں تقریب ہوئی جہاں وی سی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے سابق کرکٹر کو یونیورسٹی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔اس موقع پر رمیز راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کالج کا انتخاب میں نے کرکٹ اور تعلیم کے لیے کیا، کرکٹ کا کلچر میں نے اس تعلیمی ادارے سے سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ جب تسلسل کو توڑتے ہیں تو کرکٹ کی ایکسیلینس نہیں ہوتی، جب تک طریقہ کار مضبوط نہیں ہوں گے کامیابی نہیں مل سکتی۔ ہم تسلسل کو مانتے نہیں ہیں اور ہم کرکٹ کے اندر بیک ڈور سے آنا چاہتے ہیں۔ کرکٹ پروڈکٹ کو مضبوط بنانا ہے، اس وقت کرکٹ ہی نہیں پورا ملک ڈسٹرب ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ میں یہاں اپنا کیس لڑنے نہیں آیا، ایک ڈیڑھ سال میں نے تسلسل اور گروتھ پر توجہ دی،یہ زیادتی ہے کہ آئین کو بلڈوز کر کے آپ آگے آئیں۔ یہ نوجوانوں کے ساتھ زیادتی ہے، وہ سوچیں گے کہ یہاں ہو کیا رہا ہے، یہ جو نیا آئین لایا گیا ہے یہ ڈارک دور ہے۔کرکٹ چلانا کرکٹرز کا کام ہے، اسے سیاست سے الگ کرنا ہوگا، زبردستی کی چیزیں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد ہمیشہ ٹیم کا حصہ رہے ہیں ۔کوچ اور کپتان نے 16 میں سے انتخاب کرنا ہے،میں نے کپتان کو مضبوط بنانے کی کوشش کی۔ بھارتی بورڈ میں بی جے پی مائنڈ سیٹ آچکا ہے جس کا مائنڈسیٹ یہ ہے کہ ہمیں محدود کرنا ہے۔جو فکسنگ میں ملوث اور داغدار ہیں ان سے محبت نہیں کی جاتی ۔ میں ایسے دور سے ہوں جب 9 کھلاڑی جیت کے لیے لڑ رہے تھے، 2 ڈنڈی مارتے تھے۔

مزیدخبریں