اسلام آباد:ملائشیائی حکومت نے غیر ملکی تارکین وطن کی رضاکارانہ وطن واپسی کے پروگرام میں توسیع کر دی، توسیع سے ملائشیا میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی تارکین وطن کو رضاکارانہ وطن واپسی میں مدد ملے گی۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق ملائشیا میں پاکستانی غیر ملکی تارکین وطن کی ایک قابل ذکر تعداد رضاکارانہ واپسی کی خواہشمند ہے، پاکستانی ہائی کمشن نے ملائشیا میں پاکستانی غیر قانونی تارکین وطن کی رضاکارانہ واپسی میں ملائشیائی حکومت کے ناکافی انتظامات کو رکاوٹ قرار دے دیا۔
ملائشیا میں پاکستانی ہائی کمشن نے امور خارجہ اور اوورسیز پاکستانیز کی وزارتوں کو مراسلہ بھیج دیا،ملائشیائی حکومت نے دسمبر 2020 سے جون 2021 تک ایک پروگرام شروع کیا، پروگرام کے تحت تمام قومیتوں کے غیر ملکی تارکین وطن کو رضاکارانہ ملک سے چلے جانے کا کہا گیا، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ایئرپورٹ پر خصوصی کاونٹر پر پی سی آر ٹسٹ اور ٹکٹ کے ہمراہ رجسٹریشن کرانا تھی، معمولی جرمانوں کے بعد انہیں ملک چھوڑنے کی اجازت دی جانی تھی، غیر ملکی تارکین وطن کی تعداد اور رجحان کے مدنظر پروگرام میں 31 دسمبر 2021 تک 6 ماہ کی توسیع کی گئی۔
اب غیر ملکی تارکین وطن کے دبائو کے پیش نظر ملائشیائی حکومت نے پروگرام میں 30جون 2022 تک توسیع کر دی ہے، 2021 میں 8 ہزار پاکستانی غیر قانونی تارکین وطن رضاکارانہ طور پر ملائشیا سے واپس آئے، اس وقت کوالالمپور میں پاکستانی ہائی کمشن پاکستانی تارکین وطن کی رضاکارانہ واپسی میں مدد کر رہا ہے۔