راولپنڈی: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے بجلی بحران پر اپوزیشن رہنماؤں کی تنقید اور بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نادان دوستوں نے اس پر بھی اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کیلئے حکومت نے اقدامات کئے، بڑے شہروں میں بجلی کی بحالی کو ترجیح دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب رات گئے سے صبح تک خود مانیٹر کرتے رہے۔ پنجاب کے بڑے شہروں میں بجلی کی بلاتعطل سپلائی بحال ہو گئی ہے۔ امید ہے چند گھنٹوں میں چھوٹے شہروں اور دیہات میں بھی بجلی بحال کر دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ رات کو فالٹ آنے سے بجلی کی بندش ہوئی جسے بحال کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں بجلی کی 9 ڈویژن میں سے 7 پر بحالی ہو چکی ہے۔ تاہم میڈیا میں پروپیگنڈا کرکے بجلی بحران کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ جبکہ کسی نے اسے حکومت کے جانے سے تشبیہ دینے کی کوشش کی۔ سوشل میڈیا پر ایسی قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے، یہ درست نہیں ہے۔
اپوزیشن کو غیر ذمہ د ارانہ رویہ ترک کرنا ہوگا۔ ایسے چیلنجز آتے ہیں تو قومیں اکٹھی لڑتی ہیں۔ ایک بحران سے دوسرے بحران کو جنم دینے کے بجائے حل کرنا چاہیے۔ دنیا میں جہاں بھی توانائی بحران آیا اسے بحال کرنے میں وقت لگا۔ سپلائی لائن کو بہتر بنانے کیلئے وزارت توانائی پرامید ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت توانائی ایسے واقعات کے تدارک کیلئے انکوائری کر رہی ہے بجلی کی فنی اور تکنیکی خرابی کے باعث تعطل آیا تھا۔ پنجاب کی صنعتوں کو بھی جلد بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ رات پورے ملک میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن آیا تھا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا، تاہم اب اس پر قابو پا کر آہستہ آہستہ بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔