پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا بڑا چیلنج ہے، وزیر اعظم عمران خان

05:03 PM, 10 Jan, 2020

نوشہرہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا سب سے بڑا چیلنج پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔ میری حکومت کوئی سفارشی نظام نہیں لائے گی۔ پاکستان سیٹزن پورٹل پر کرپشن سے متعلق شکایت کریں، میرا کام ہے اسے دیکھنا۔


تفصیلات کے مطابق ،وزیر اعظم عمران خان نے  نوشہرہ میں ڈرائی پورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ہم نچلے طبقے کیلئے کارڈ بنا رہے ہیں، اس کے ذریعے انھیں پیسے بھی ملیں گے اور وہ اشیائے ضروریہ بھی خرید سکیں گے۔ اس کے علاوہ پورے پاکستان کےٖ غریب گھرانوں کو صحت انصاف کارڈ ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا  کہ اس سال ہم 50 لاکھ گھر بنانا شروع کر رہے ہیں۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقہ قسطوں میں گھر خرید سکے گا۔ ہاؤسنگ کا منصوبہ پر کام شروع ہوتے ہیں انڈسٹریز میں کام بڑھے گا۔

عمران خان نے کہا  کہ ٹرین میں عام آدمی سفر کرتا ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان ریلوے کو اٹھائیں۔ ریلوے ایک ایسا ادارہ بنے جو پی آئی اے اور پرائیویٹ سیکٹر کا مقابلہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان میں ریلوے نظام کی بہتری کیلئے کیوں پیسہ نہیں خرچ کیا گیا؟ ریلوے کے حالات بگڑتے گئے اور وہ اس نہج پر پہنچ گیا۔ ہم نے اربوں کی سرکاری زمینوں سے قبضے چھڑوائے ہیں۔ ریلوے کی اراضی فروخت کرکے ریلوے کا خسارہ دور کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون ریلوے میں انقلابی تبدیلی لے کر آئے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پشاور سے کراچی تک کا سفر 8 گھنٹے میں طے ہوگا۔

مزیدخبریں