واشنگٹن: مغربی میڈیا نے ایران میں تباہ یوکرینی طیارے کی فوٹیج جاری کردی ،یوکرین کی ایئرلائن کو تہران ایئرپورٹ کے قریب نشانہ بنایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار نے یوکرینن ایئرلائن کے جہاز کی تباہ ہونے کی فوٹیج حاصل کرلی ،فوٹیج میں یوکرینن ایئر لائنز کو ٹیک آف کے فوری بعد میزائل سے تباہ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ یوکرینن ایئر لائن میزائل لگنے سے تباہ ہوئی،جہاز فنی خرابی کے باعث تباہ نہیں ہوا ہے۔امریکی صدر نے الزام عائد کیا ہے کہ طیارہ کو نشانہ بنانے کا امریکا سے تعلق نہیں، یہ دوسرے فریق کی غلطی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اوٹاوا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین ایئر لائن کا طیارہ ایرانی میزائل نے تباہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس انٹیلی جنس اور دیگر ذرائع سے اطلاعات ہیں کہ یوکرین کا طیارہ ایران کا میزائل لگنے کے باعث تباہ ہوا ہے،ایرانی میزائل سے طیارہ تباہ ہونے کا عمل غیر ارادی ہوسکتا ہے لیکن اس حادثے کی مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی سرزمین پر یوکرین کا طیارہ تباہ ہونے سے ایک سو چھہتر مسافر ہلاک ہوگئے تھے جن میں تریسٹھ کینیڈین شہری بھی شامل تھے۔