ممبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ٹی وی ٹاک شو کے دوران نسل پرستانہ اور فحش بیان بازی کرنے پر کرکٹرز ہاردیک پانڈیا اور لوکیش راہول کو شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں وضاحت طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں بھارتی کھلاڑیوں نے ٹی وی ٹاک شو ”کافی ود کرن“ میں شرکت کی جہاں پر دونوں نے سوال و جوابات کے دوران نسل پرستانہ اور فحش گفتگو کی.
سوشل میڈیا میں بھی دونوں کھلاڑیوں کی بیان بازی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد بی سی سی آئی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے چیئرمین وینود رائے نے فوری طور پر دونوں کھلاڑیوں کو شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں وضاحت طلب کر لی۔
بھارتی آل راﺅنڈر پانڈیا نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میری وجہ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو دل سے معذرت خواہ ہوں، میرا مقصد کسی کی توہین کرنا یا کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا۔