اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے سینیٹر اعظم سواتی کا بطور وفاقی وزیر استعفیٰ منظور کر لیا۔ کابینہ ڈویژن نے اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا نوٹی فکیش جاری کر دیا جس کے مطابق صدر نے وزیراعظم کی سفارش پر استعفیٰ منظور کیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا اطلاق 6 دسمبر 2018 سے ہو گا۔
سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا نوٹی فکیشن ان کے مستعفی ہونے کے اعلان کے ایک ماہ 3 روز بعد جاری کیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں نامزد اعظم سواتی نے سپریم کورٹ کی جانب سے جے آئی ٹی بنائے جانے کے بعد 6 دسمبر 2018 کو وفاقی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم اس کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا۔
اعظم سواتی کے استعفے کے ایک ماہ بعد بھی وفاقی کابینہ کی فہرست میں ان کا نام بطور وفاقی وزیر درج تھا جس پر یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر بحث آیا تھا۔
خیال رہے سپریم کورٹ نے اعظم سواتی کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کا بھی حکم دے رکھا ہے۔