پشاور: کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر مواصلات اور پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ سابق رکن قومی اسمبلی عاصمہ عالمگیر پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ دونوں نے عدالت کے رو برو صحت جرم سے انکار کر دیا۔
پیپلز پارٹی کے دونوں رہنما پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد اشتیاق کی عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر احتساب عدالت کی جانب سے 4 گواہان کو 24 جنوری کو طلب کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے دونوں رہنما کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
نیب کی دستاویز کے مطابق دونوں میاں بیوی کے 33 کروڑ 21 لاکھ سے زائد کے اثاثے ہیں اور مذکورہ رقم کا کوئی ریکارڈ بھی پیش نہیں کیا گیا۔
نیب نے کہا کہ چار سال میں دونوں کی آمدن 15 کروڑ اور اخراجات 29 کروڑ سے زائد رہے۔ نیب کے مطابق میاں بیوی کے لندن میں اربوں مالیت کے فلیٹس ہیں۔