کراچی میں اے ٹی ایم میں اسکمنگ ڈیوائس لگاتے ہوئے دو چینی باشندے گرفتار

07:43 PM, 10 Jan, 2018

کراچی کے علاقے عبداللہ ہارون روڈ پر اے ٹی ایم میں اسکمنگ ڈیوائس لگاتے ہوئے دو چینی باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹرایف آئی اے امجد عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چینی باشندوں سے برآمد ہونے والی اسکمنگ ڈیوائس کسی بھی اے ٹی ایم میں لگائی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر بینک کی کوئی کوتاہی نظر نہیں آتی۔ایس پی توقیر نعیم نے بتایا کہ گزشتہ 2 ماہ سے ایف آئی اے اے ٹی ایم مشینوں میں فراڈ پر کام کر رہا تھا، دونوں چینی باشندے تین روز پہلے عبداللہ ہارون روڈ پر واقع نجی بینک میں آئے تھے۔

پولیس افسر نے مزید بتایا کہ آج دونوں چینی باشندے دوبارہ آئے تو بینک عملے نے انہیں بلایا جس پر یہ بھاگ گئے، بعدازاں عوام نے انہیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے فراڈ کا کیس گزشتہ برس دسمبر میں منظر عام پر آیا تھا جس میں انکشاف ہوا کہ اسکمرز کراچی کے 579 اے ٹی ایم کارڈز سے رقم نکلوا چکے ہیں۔

مزیدخبریں