میگھن مارکل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیئے

12:33 PM, 10 Jan, 2018

لندن: برطانوی شہزادہ ہیری کی منگیتر اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے سوشل میڈیا سے اپنے تمام اکاؤنٹ بند کر دیئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ میگھن مارکل نے فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاونٹس کو بند کر دیا کیونکہ وہ کافی عرصے سے ان کے استعمال میں نہیں تھے۔ میگھن مارکل کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے شاہی محل کا کہنا تھا کہ مارکل ان تمام مداحوں کی شکر گزار ہیں جو انہیں سوشل میڈیا پر کئی برس سے فولو کر رہے تھے۔

شاہی محل کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اگر مداح شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بارے میں کچھ بھی جاننا چاہیں تو وہ شاہی محل کینسنگٹن پیلس (Kensington palace) کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ فولو کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ میگھن مارکل 'دی ٹِگ' (The Tig) کے نام سے ایک لائف اسٹائل ویب سائٹ بھی چلاتی تھیں جسے انہوں نے اپریل 2017 میں بند کر دیا تھا۔ اس سے قبل 9 جنوری کو شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے برطانیہ کے شہر برکسٹون میں کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن کا دورہ کیا۔

برطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے گذشتہ برس نومبر میں منگنی کا اعلان کیا تھا اور ان کی شادی رواں برس 19 مئی کو ہو گی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں