پشاور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قبائلی عوام کے مسائل حل نہ ہونے پر اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کی دھمکی دے دی۔
پشاور میں قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبائلی عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہم ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے، اگر جرگوں سے مسائل حل نہ ہوئے تو ہم اسلام آباد مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قبائل سے امن قائم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر آج خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں میں امن و استحکام ناپید ہوچکا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قبائل کے انضمام سے پہلے ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے تھا تاکہ عوامی رائے معلوم ہوسکتی۔
جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم ملک کے آئین و قانون کے وفادار ہیں، مگر جبری فیصلے مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ اگر مدارس کے تحفظ کے لیے اسلام آباد مارچ ہوسکتا ہے، تو قبائلی عوام کے حقوق کے لیے بھی ایسا ممکن ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے امریکی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمران امریکہ کے اتحادی بننے کے بجائے اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قبائلی مسائل حل نہ کیے گئے تو عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے اور اسلام آباد کا رخ کریں گے۔