موبائل فون کی تیاری اب پنجاب میں، قیمتوں میں کمی کا امکان

05:29 PM, 10 Feb, 2025

اسلام آباد: پاکستان میں دسمبر 2024 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 9.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق، اس مہینے موبائل درآمدات کا مجموعی حجم 45.4 ارب روپے رہا، جبکہ دسمبر 2023 میں 49.9 ارب روپے کے موبائل فون درآمد کیے گئے تھے۔ اس طرح، ایک سال کے دوران 4.5 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی۔


دوسری جانب، پنجاب میں مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری کے منصوبے پر کام تیز ہو گیا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کے دورہ چین کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، اور اب موبائل فونز پنجاب میں تیار کیے جائیں گے۔

انہوں نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں ایک نجی موبائل کمپنی کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ توقع ہے کہ اگلے دو سالوں میں اس پلانٹ میں موبائل فونز کی تیاری کا عمل شروع ہو جائے گا۔


چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین کی کمپنی کا پہلے اسمبلنگ اور اب مینوفیکچرنگ کے مرحلے میں داخل ہونا ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جس سے مقامی سطح پر تیار کردہ موبائل فونز کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرمایہ کاری کے لیے ایک سنہری موقع ہے، کیونکہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات اور مراعات فراہم کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں جلد اربوں روپے کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

صوبائی وزیر نے موبائل مینوفیکچرنگ پلانٹ کے تعمیراتی عمل کا بھی مشاہدہ کیا اور اسے پاکستانی معیشت کے لیے ایک مثبت سنگ میل قرار دیا۔

مزیدخبریں