اسلام آباد: افغان حکومت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے اہم شواہد سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، افغان حکومت نے 6 فروری 2025 کو پاک فوج کے آپریشن میں ہلاک ہونے والے افغان دہشت گرد لقمان خان کی لاش وصول کی۔ لقمان خان افغانستان کے ضلع خوست کا رہائشی تھا۔ اس سے قبل، ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد احمد الیاس کی لاش بھی افغان طالبان نے وصول کی تھی۔ احمد الیاس، صوبہ بادغیس کے نائب گورنر مولوی غلام محمد کا بیٹا تھا، اور اس کی ہلاکت پر افغان عبوری حکومت نے جشن منایا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کی متعدد کارروائیوں میں افغان دہشت گردوں کی بڑی تعداد ہلاک ہو چکی ہے، اور ان کی لاشیں افغان حکومت وصول کر رہی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کی وصولی یہ ثابت کرتی ہے کہ افغان عبوری حکومت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے اور فتنہ الخوارج کے ساتھ ملی بھگت میں ہے۔ ماہرین کے مطابق، افغان طالبان دہشت گردوں کی حمایت سے انکار کرتے ہیں، لیکن ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں وصول کرکے اپنے دعووں کو جھوٹا ثابت کر رہے ہیں۔