پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے اپنی ہی پارٹی میں ڈسپلن کی کمی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ویڈیو بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف میں ڈسپلن کی کمی واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت سے درخواست کی کہ پارٹی میں فوری طور پر نظم و ضبط قائم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ سستی شہرت کے لیے پارٹی کو استعمال کر رہے ہیں، ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
صوابی جلسے میں پیش آنے والے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی جیل میں ہیں اور ہم عہدوں کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی میں سزا و جزا کے عمل کو خوش آئند قرار دیا۔
شوکت یوسفزئی نے گورنر پنجاب کے بیان پر بھی تنقید کی جس میں انہوں نے حکومت کے حوالے سے الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عطا تارڑ کے متعلق تحقیقات کی جائیں اور انہیں وزارت سے ہٹایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر بھی شوکت یوسفزئی نے سوال اٹھایا کہ ایک سال میں اجالے کی بات کرنے والے یہ اجالا کہاں ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے خود ٹرمپ کا شوشہ چھوڑا ہے اور اب اللہ کے سوا کسی سے کوئی امید نہیں۔