لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نیشنل سٹیڈیم کراچی کی گرینڈ اوپننگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور اس موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں کراچی کے تمام ٹیسٹ کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے، جبکہ نیشنل سٹیڈیم میں شاہد آفریدی اور یونس خان کے نام سے انکلوژر بھی منسوب کیے جائیں گے۔
گلوکار علی ظفر نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ "مزا آ گیا لاہور! اب اگلا سٹاپ 11 تاریخ کو کراچی سٹیڈیم ہو گا ان شاء اللہ، کراچی تیار ہو؟" اس کے ساتھ ہی شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا جیسے معروف گلوکار بھی اس موقع پر پرفارم کریں گے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے والی اس تقریب میں آتشبازی اور لائٹ شو کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا، جس سے ایونٹ کی رونق اور بڑھ جائے گی۔ شائقین کو اس موقع پر مفت داخلہ دیا جائے گا، بشرطیکہ وہ شناختی کارڈ دکھا کر سٹیڈیم میں داخل ہوں۔