اسلام آباد: سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر انٹراکورٹ اپیل کی سماعت وکلا کے پیش نہ ہونے کے باعث کل تک ملتوی کر دی گئی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی، تاہم سلمان اکرم راجہ کے معاون وکیل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ سلمان اکرم راجہ ٹریفک کی وجہ سے عدالت نہیں پہنچ سکے۔
عدالت کے ججز نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کیا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ باقی تمام وکلاء پہنچ چکے ہیں اور اگر سلمان اکرم راجہ آدھا گھنٹہ پہلے نکلتے تو وہ بھی عدالت میں موجود ہوتے۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اگر فریق مقدمہ کے وکلاء میں سے کوئی دلائل دینا چاہے تو وہ دے سکتا ہے، لیکن ویڈیو لنک پر بھی کوئی وکیل موجود نہیں تھا۔
عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے مختصر حکمنامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ سلمان اکرم راجہ کی غیر موجودگی کے باعث کیس کی سماعت اگلے روز تک ملتوی کی جاتی ہے۔