مکس اچار حکومت سے مسائل حل نہ ہوں گے، عمران خان کی کل پر امن احتجاج کی کال

مکس اچار حکومت سے مسائل حل نہ ہوں گے، عمران خان کی کل پر امن احتجاج کی کال
سورس: file

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمیر نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں کامیابی پر پوری قوم کو مبارک باد دی اور کل پر امن احتجاج کی کال دے دی۔

 اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی عمیر نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے میری اور سلمان صفدر کی ملاقات ہوئی ، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا معیشت زمین بوس ہوچکی ہے اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے،۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے، اداروں کو عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے، مکس اچار حکومت سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ عوام نے اپنا فیصلہ سنایا ہے، اب تمام ادارے ملک کے لیے سوچیں۔

عمیر نیازی کا کہنا تھا کہ50 سیٹوں پر کوئی کیسے حکومت بنانے کا اعلان کر سکتا ہے،  نواز شریف کا ٹریک ریکارڈ ہے ہر بار ملک کو ڈیفالٹ کر کے گئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت بنائے گی، قوم کے مینڈیٹ کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے نہیں ہونا چاہیے، جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے وہاں کے عوام کل دوپہر نکلیں پُرامن احتجاج کریں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان صفدر نے کہا کہسابق وزیر اعظم عمران خان نے کسی دن نہیں کہا کہ تھک گیا ہوں یا مجھے جیل سے نکالیں۔ 

سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں یہ مقدے ختم ہونے چاہیے سارے بے بنیاد کیسز ہیں۔

مصنف کے بارے میں