اسلام آباد:
الیکشن کمیشن نے چوہدری پرویز الہی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الہی کی ریٹرننگ افسران کے فیصلے کے خلاف درخواست منظور کرلی۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی پی پی 32 سے سابق وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی اور این اے 64 گجرات سے ان کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی ریٹرننگ افسران کے فیصلے کے خلاف درخواست منظور کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق آر او کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سر براہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔قیصرہ الہٰی اور پر ویز الٰہی کے وکلا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے
وکیل نے دلائل دیے کہ ریٹرننگ افسر نے فارم 47 ہماری عدم موجودگی میں تیار کیا، میری امیدوار قیصرہ الہٰی کو ایک لاکھ 36 ہزار ووٹ ملے، ہم فارم 45 کے تحت جیتے ہوئے تھے لیکن فارم 47 میں مخالف کو جتوا دیا گیا۔ ممبر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیے کہ درخواست میں جائیں ہم دیکھتے ہیں۔
وکیل نے جواب دیا کہ سیکشن 8 کے تحت تمام اختیارات آپ کے پاس ہیں، سیکشن 92 کے تحت ہماری موجودگی میں فارم 47 تیار کریں۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ آپ کے پاس راستے کھولے ہیں، ہم ہدایات دیں گے، ممبر خیبر پختونخوا نے دریافت کیا کہ مجھے بھی سمجھا دیں کہ ہمارے اختیارات کیا ہیں؟ آپ کتاب کھولیں اور سیکشن پڑھیں۔ممبر بلوچستان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حلقوں کا فارم 47 تو جارہی ہوچکا ہے، وکیل نے بتایا کہ 247 پولنگ اسٹیشنز پر ہماری لیڈ تھی۔
اس پر ممبر کمیشن نے استفسار کیا کہ آپ چاہتے ہیں کہ فارم کی دوبارہ تشکیل میں جائیں؟
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی پی 32 اور این اے 64 سے متعلق دونوں درخواستیں منظور کرلی اور 15 فروری کو آر او کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی نے گجرات کے قومی اسمبلی کےحلقہ این اے 64 میں ووٹ کی دوبارہ گنتی کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی تھی جبکہ چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات کے صوبائی اسمبلے کے حلقہ پی پی 32 میں ووٹ کی دوبارہ گنتی کی درخواست جمع کرا ئی تھی۔
یاد رے کہ گجرات کے حلقہ این اے 64 سے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سالک حسین سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی اہلیہ آزاد امیدوار قیصرہ الٰہی کے مقابلے میں 105,205 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے. قیصرہ الٰہی 80 ہزار سے زائد ووٹ لینے میں کامیاب ہوئیں۔
پی پی 32 میں چوہدری سالک حسین 55615 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ جبکہ چوہدری پرویز الٰہی نے 44713 ووٹ حاصل کیے۔