اسلام آباد: آزاد امیدوار محمد شعیب شاہین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 کا نتیجہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
شعیب شاہین نے این اے 47 کا آر او کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی بخاری نے بھی این اے 48 کا آر او کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ آج میں نے اور علی بخاری نے درخواست دائر کردی ہے، رجسٹرار آفس سے ہم نے آج ہی سماعت مقرر کرنےکی استدعا کی ہے۔
پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار علی بخاری کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فارم 45 سارے موجود ہیں ، ہمیں دھاندلی سے ہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 53 ہزار کی لیڈ سے جیت رہے تھے، دھاندلی ہوئی، یہ چوری ہوئی ڈاکہ پڑا، آر او کے خلاف بھی ایف آئی آر ہوگی اور جوڈیشل انکوائری ہوگی۔
شعیب شاہین نے کہا کہ ہماری درخواست ہے چیف جسٹس سے کہ کیس کو فوری سنا جائے، پورے اسلام آباد کو پتا ہے میرا حلقہ این اے 47 ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فارم 47 موجود ہے، ریٹرننگ آفیسرز پر پریشر ڈالا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ این اے 47 اسلام آباد 2 کی نشست کے تمام 387 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی نتیجے کے مطابق مسلم لگ ن کے طارق فضل چوہدری1 لاکھ 2 ہزار 502 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار محمد شعیب شاہین 86 ہزار 396 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48 اسلام آباد 3سے غیرحتمی نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار راجہ خرم شہزاد نواز 69 ہزار 699 ووٹ لے کر کامیاب ہو ئے جبکہ آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری رہے جنہوں نے 59 ہزار 851 ووٹ حاصل کیے۔