راولپنڈی:آرمی چیف آف پاکستان جنرل سید عاصم منیر نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارک باد دیدی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے عام انتخابات کے انعقاد پر نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کو بھی مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ انتخابات میں تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارک باد بھی دی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ عوام کی حق رائے دہی کے لیے آزادانہ شرکت جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے، مشکلات کے باوجود محفوظ انتخابی ماحول بنانے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں عوامی مینڈیٹ کے تعین کی مشق ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ میڈیا، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جمہوری قوتوں کی نمائندہ حکومت ملک کی متنوع سیاست کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔پاکستان کے عوام نے آئینِ پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، سیاسی جماعتیں سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ قوم کے اعتماد کا جواب دیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ 25 کروڑ آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے انتشار موزوں نہیں، خواہش ہے کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں، دعا ہے یہ انتخابات پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی لائیں۔