لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ کا فیصلہ خوش آئند ہے، عدلیہ سے انصاف کی امید تھی، عدلیہ نے اپنے فیصلے سے آئین کی کی سربلندی قائم رکھی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس فیصلے سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب دیر نہیں کرنی چاہئے، ای سی پی فوری طور پر الیکشن شیڈول کا اعلان کرے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کیلئے انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا دیا جس کے مطابق الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کا اعلان کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
جسٹس جواد حسن نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ عدالت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست منظور کرتی ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین میں دی گئی مدت کے اندر پنجاب میں انتخابات کا اعلان کرے۔