لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) باجوہ نے اعتراف کر لیا ہے کہ رجیم چینج انہوں نے کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے ایک کالم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ نے صحافی کو بڑے فخر اور تکبر سے بتایا ہے کہ انہوں نے کن معاشی اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہماری حکومت ختم کی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگ پہلے ہی جانتے تھے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کس نے گرائی ہے مگر جنرل باجوہ نے مان کر خود ہی وہ پردہ ہٹا دیا اور خود ہی واضح کردیا کہ یہ کام کس کا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اسٹیبلمشمنٹ ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ اپنے کالم میں صحافی نے جنرل باجوہ کے حوالے سے لکھا تھا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ ان کی حکومت بچائی جائے مگر انہوں نے عمران خان کی حکومت گرنے سے اس لئے نہیں بچائی کیونکہ ان کی ریڈنگ تھی کہ یہ لوگ ملک کیلئے خطرناک ہیں، یہ رہے تو ملک نہیں رہے گا۔