پاکستان کو موجودہ پروگرام کے فوراً بعد دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جاناپڑے گا: مفتاح اسماعیل

09:00 PM, 10 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کو رواں سال جون میں ختم ہونے والے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے فوراً بعد ایک اور آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ بننا پڑے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے آئی ایم ایف کے ایک پروگرام کا حصہ بننا پڑے گا کیونکہ جون میں جب پروگرام ختم ہو گا تو ہمارے پاس ممکنہ طور پر 10ارب ڈالر سے زائد کے ذخائر نہیں ہوں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے ہمیں قرضوں کیلئے ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے رابطہ کرنا ہو گا اور ایک اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پروگرام کا حصہ بھی بننا پڑے گا، مستقبل قریب میں تقریباً 20ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کے سبب ہمیں یکے بعد دیگرے 2 آئی ایم ایف پروگراموں کا حصہ بننا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنی استطاعت کے مطابق زندگی گزارتے ہوئے عقلمندانہ معاشی پالیسیوں پر عمل پیرا ہونا شروع ہوں گے تو پھر آئی ایم ایف کے پاس جانے سے بچ سکتے ہیں لیکن اگر ہم اسی طرح زندگی گزارتے رہیں گے تو پھر آئی ایم ایف ہی آخری حل ہے اور ہمیں اس کے پاس جاتے رہنا ہو گا۔

مزیدخبریں