اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیراسٹامول کی قیمت میں اضافہ اور 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کی منظوری دیدی ہے جبکہ بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے اور ان پر ایک روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس ہوا جس میں کئی بڑے فیصلے کئے گئے۔ ای سی سی نے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی ہدایت کی روشنی میں گردشی قرض کم کرنے کے منصوبے کی منظوری دیدی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ای سی سی نے 500 ملی گرام پیراسٹامول کی قیمت 2 روپے 60 پیسے اور پیراسٹامول ایکسٹرا کی 500 ملی گرام کی قیمت 3 روپے 30 پیسے فی گولی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے علاوہ 20 ادویات کے ریٹ کم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے کے فیصلے کے ساتھ ہی بجلی کے بڑے صارفین پر 1 روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد ہوگا، جو رواں سال مارچ میں لاگو کر کے جون تک وصول کیا جائے گا جبکہ مذکورہ سرچارج کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہو گا۔
اعلامیہ کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 10 ارب سے زائد کے بجلی کے بل معاف کرنے اور ان علاقوں کے بجلی کے بل کی ادائیگی کیلئے 10 ارب 34 کروڑ کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ ان علاقوں میں 300 یونٹ سے کم ماہانہ بجلی استعمال کرنے والوں سے گزشتہ سال اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل وصول نہ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔