لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ممبران قومی اسمبلی بحال ہو چکے ہیں، سپیکر پی ٹی آئی کے 43 ممبران کو اسمبلی میں شرکت کی دعوت دیں اور اپوزیشن لیڈر کا پراسیس اس کے بعد مکمل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جب تک الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل ہے ممبران اسمبلی کے رکن ہیں لیکن اب سپیکر قومی اسمبلی فرار ہو گئے اور کل اسمبلی سیشن ہی ختم کر دیا گیا، سپیکر پی ٹی آئی کے 43ممبران کو اسمبلی میں شرکت کی دعوت دیں اور اپوزیشن لیڈر کا پراسیس اس کے بعد مکمل کیا جائے جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بننا پی ٹی آئی کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی باہر کی قوتوں کو خوش کرنے کیلئے کی گئی تھی اور اب ڈیل یہ ہورہی ہے کہ نوازشریف کے مقدمے ختم ہونے چاہئیں، پاکستان میں حکومت کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، مسلم لیگ (ن) کے اندر اب کافی آوازیں اٹھنا شروع ہو چکی ہیں، پہلے مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی سامنے آئے، کیپٹن (ر) صفدر نے جو باتیں کیں ان میں وزن ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے بحران کا حل شفاف الیکشن میں ہے، اس لئے جلد الیکشن کروائے جائیں کیونکہ جتنی جلد الیکشن ہوں گے، بحران بھی اتنی جلدی ختم ہو گا۔