لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے 43 ایم این ایز کے استعفے منظوری کیس کا عبوری تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔الیکشن کمیشن کا 25 جنوری کا فیصلہ معطل،حلقوں میں انتخابی عمل روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے چار صفحات پر مشتمل عبوری تحریری فیصلہ جاری کیا۔درخواست ریاض فتیانہ سمیت دیگر نے دائرکر رکھی ہے ۔ عدالت نے 43 سیٹوں پر ضمنی انتخاب کو روکتے ہوئےقرار دیا کہ ان نشستوں پر الیکشن شیڈول جاری نہیں کیا جائےگا ۔
عدالت نے 43 اراکین اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کے جاری کردہ 25 جنوری کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا ۔ عدالت نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تمام فریقین کو تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی۔
درخواست پر مزید کاررائی 7 مارچ ہو گی ۔ ریاض فتیانہ سمیت پی ٹی آئی کے 43 ایم این ایز نے استعفے منظوری کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے ۔43ارکان کے استعفے منظور کرنے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کا نوٹفکیشن معطل نہیں ہوا ۔ درخواست گزاروں نے اسپیکر قومی کے استعفی منظور کرنے کے نوٹفکیشن درخواست کے ساتھ منسلک نہیں کیا ۔