ماسکو :روس کے شہر ماسکو میں یوکرین کے مسئلے پر ہونے والا مذاکراتی دور بھی بے نتیجہ نکلا،برطانوی وزیر خارجہ کی روسی ہم منصب سے ملاقات کا بھی کوئی نتیجہ نہ نکلا ۔
روسی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ کی یوکرین کے مسئلہ پر روسی وزیر خارجہ لاوروف سے اہم ملاقات ہوئی ،دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی ،ملاقات کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملاقا ت کے دوران انہیں ایسا لگا جیسے ایک گونگا شخص کسی بہرے سے بات کر رہا ہو وہ پریس کانفرنس بیچ میں ہی چھوڑ کر چلے گئے۔
دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس کشیدگی کم کرنے کے لیے یوکرین کی سرحدوں سے فوجیوں کو واپس بلائےاور فوج اور اسلحے کو کسی اور جگہ منتقل کرے ،روسی وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ روسی افواج اپنی حدود میں موجود ہیں ۔
روسی وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ روسٹوو اور وورونز کے علاقوں پر روس کی خودمختاری کو تسلیم کرتے ہیں،برطانوی وزیر خارجہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ان خطوں پر روس کی خودمختاری کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔