اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ جو وزرا اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے اور متعلقہ قائمہ کمیٹیز میں نہیں آتے، ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے بعض وزرا کو کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈز سے نوازے جانے پر حکومتی عہدیداروں میں بھی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں اور بعض وزراءکی جانب سے گلے شکوے کئے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان بھی ان وزراءمیں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو وزراءاپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے، وہ ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین یقین دہانی کمیٹی کی جانب سے ایجنڈے کے مطابق متعلقہ وزرا اور سیکرٹریز بلانے کی حمایت کرتا ہوں جبکہ بطور پارلیمانی امور وزیر حکومتی وزرا کی طرف سے ان کی وزارتوں سے متعلق یقین دہانی کراتا ہوں لیکن بعض وزرا ان یقین دہانیوں سے ایوان میں اظہار لاتعلقی کردیتے ہیں مگر ایوارڈ کے حق دار بھی وہی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی دبے لفظوں میں گلہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس لئے ایوارڈ حاصل نہیں کر سکے کیونکہ وزراءکی کارکردگی ان پراجیکٹس پر عملدرآمد سے جانچی جاتی ہے جو وزارت وزیراعظم آفس کو دیتی ہے۔
اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کرنے والے وزراءایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں: علی محمد خان
05:54 PM, 10 Feb, 2022