راشد خان کے اہل خانہ بھی سٹیڈیم میں میچ دیکھیں گے

04:52 PM, 10 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے افغان کرکٹر راشد خان کے اہل خانہ کے ارکان بھی قذافی سٹیڈیم لاہور میں میچ دیکھیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا نے بتایا کہ راشد خان کے بھائی اور کزنز لاہور میں میچز دیکھیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ان کی فیملی کے ارکان راشد خان کو سٹیڈیم میں ان ایکشن دیکھیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ راشد خان کی گزشتہ سیزن میں لاہور میں کھیلنے کی خواہش پوری نہیں ہو سکی تھی تاہم اس بار وہ بہت بیتاب ہیں، جبکہ ان کے علاوہ ڈیوڈ ویزا دو سال پہلے کی طرح لاہور میں کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں، خوشی ہے کہ دو برس کے بعد لاہور میں پی ایس ایل کے میچز ہو رہے ہیں۔
ثمین رانا نے کہا کہ لاہور میں ہر ٹیم کو سپورٹ ملتی ہے، تماشائیوں سے درخواست ہے کہ وہ بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں، لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے شہریوں کو مایوس نہیں کرے گی، لاہور میں کنڈیشنز اور بالخصوص اوس سب کیلئے چیلنج ہو گی جس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انتظامات کر رہا ہے۔ 
واضح رہے کہ پی ایس ایل میں دو دن وقفے کے بعد آج سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں میدان سجے گا اور دوسرے مرحلے میں شرکت کیلئے تمام ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں جہاں آج پہلے میچ میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ 

مزیدخبریں