لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے کے میچز کا آج سے آغاز ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا جوڑ پڑے گا، میچ شام 7:30 بجے شروع ہو گا۔ اسٹیدیم میں 50 فیصد شائقین کرکٹ کو میچ دیکھنے اجازت ہو گی۔
شائقین کرکٹ لاہور میں ایونٹ کے آغاز پر بے حد پر جوش ہیں،مختلف مقامات پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں، شہر میں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہونے والے میگا ایونٹ پہلے مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس کی دوڑ میں ملتان سلطانز سب سےآگے ہے جبکہ اسلام آبادیونائیٹڈ کادوسرااورلاہورقلندرز تیسرےنمبر پر براجمان ہے۔
ملتان سلطانزنےپانچ میچز کھیلے اور پانچوں جیت کر دس پوائنٹس کیساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے پانچ میچز میں سے تین جیت کر چھ پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے، لاہور قلندرز کا پوائنٹس ٹیبل پر تیسرا نمبر ہے جس نے پانچ میں سے تین میچز میں کامیابی حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےپانچ میچز کھیلے دو جیتے اور چار پوائنٹس کیساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے ، پشاور زلمی نےپانچ میچز کھیل کر دو جیتے اور چار پوائنٹس کیساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے، تاہم بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگز کیلئے پی ایس ایل کا ساتواں سیزن اب تک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے جس نے اپنے تمام 5 میچز میں شکست کا سامنا کیا اور صفر پوائنٹس کیساتھ ٹیبل پر آخر میں موجود ہے۔