اسلام آباد، تنخواہوں میں اضافے کے لئے پرامن احتجاج پرتشدد رخ اختیار کرگیا ۔
حکومت اور ملازمین کے مذاکرات میں ناکامی کے بعد سرکاری ملازمین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب مارچ شروع کردیا ہے جس پر پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔مظاہرین نے ڈی چوک میں لگائے گئے کنٹینر عبور کرکے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب جانے کی کوشش کی تو پولیس نے شدید شیلنگ کی۔اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تاہم مظاہرین نے پارلیمنٹ کی طرف مارچ شروع کردیا ہے۔پولیس کی جانب سے ڈی چوک پر شیلنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے تاہم مظاہرین ڈی چوک اور چائنا چوک کے درمیان موجود ہیں اور انہوں نے مخلتف مقامات پر دھرنا دے دیا ہے۔
پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران مظاہرین کے پتھراؤ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
قبل ازیں گزشتہ روز سرکاری ملازمین اور وفاقی وزراء کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے تھے جس کے بعد آج ملازمین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے ملازمین پر دھاوا بول دیا۔