لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کا آرڈیننس بن چکا ہے، براہ راست الیکشن ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن پر اپوزیشن کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کی طرح پنجاب پولیس کو بھی ہیلتھ کارڈ فراہم کریں گے۔ پنجاب میں اس سال کے آخر تک مکمل یونیورسل ہیلتھ کوریج دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس میں خدمت مراکز بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ پولیس میں 10 ہزار سے زائد بھرتیوں کا عمل جاری ہے جبکہ پولیس کو نئی گاڑیاں بھی فراہم کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بہت مشکل حالات میں اپنی ذمہ داری نبھائی اور دہشت گردی کیخلاف بھی بہت کام کیا۔ محکمہ پولیس کے ہر شعبے میں وسائل فراہم کر رہے ہیں۔ موجودہ دور میں محکمہ پولیس میں سیاست نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی استعداد بہتر بنانے کیلئے ایپس متعارف کرا رہے ہیں۔ عوام کو بنیادی سطح پر انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کی اہم خدمات ہیں۔ چاہتے ہیں ہر شہری کے ساتھ بھی اچھا برتاؤ ہو۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے دیکھ لیا، ووٹوں کے سوداگر کون ہیں۔ اوپن بیلٹ سے منڈیاں لگانے کا قبیح کاروبار ختم ہوگا۔ سینیٹ الیکشن پر اپوزیشن کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس ٹولے نے ہمیشہ نوٹوں کی سیاست کی۔ ویڈیو سیکنڈل نے الیکشن میں ضمیر کے سودے کا پردہ چاک کیا۔ اوپن بیلٹ سے الیکشن میں شفافیت آئے گی۔